حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: پاکستان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمت ہے۔ دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا: قیامِ پاکستان کے وقت تمام مذاہب، مسالک اور طبقات قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں متحد تھے اور اسی اتحاد کی بدولت بڑی قوتوں سے آزادی حاصل کی گئی۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: پاکستان نے ترقی کے مختلف مراحل طے کرتے ہوئے ایٹمی طاقت کا مقام حاصل کیا، جو امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے، تاہم عالمی سامراجی اور دشمن قوتیں ایٹمی پاکستان کو برداشت نہیں کر سکتیں، اسی لیے ملک کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان سازشوں کا سب سے بڑا ہتھیار شدت پسندی، تکفیر اور دہشت گردی ہے۔ پہلے بھی پیغام پاکستان بیانیہ بنا کر عالمی سطح پر امن و رواداری کا پیغام دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا: جو عناصر پاکستان میں فرقہ واریت تکفیر اور دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، ان کا نہ دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی پاکستان سے۔ یہ عناصر دراصل دشمن قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور ان کے اقدامات سے کوئی بھی پاکستانی شہری محفوظ نہیں ہے۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے قیام پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ہم پہلے سے ملک میں اتحاد، وحدت، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور اب مزید قوت سے اس مشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء، تمام مذاہب کے نمائندے اور حکومت باہمی تعاون سے پاکستان کو شدت پسندی، انتہاپسندی اور دہشت گردی سے پاک کر کے امن و استحکام کا گہوارہ بنائیں گے۔









آپ کا تبصرہ